پبلک نیوز: بینکنگ عدالت نے نواز شریف کے قریبی رشتہ داروں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے اور شناختی کارڈز بلاک کرنے کا حکم دیدیا.
عدالت نے ملزم حسنین طارق شفیع، یوسف زاہد، عثمان جاوید کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا. بینکنگ عدالت نمبر 5 کے جج نے کشمیر شوگر ملز کیخلاف درخواست پر حکم جاری کیا. عدالت نے ملزم میاں شاہد شفیع، جاوید شفیع، علی پرویز، ابراہیم طارق سمیت دیگر کو ٹرائل کیلئے طلب کر لیا. بینک الفلاح کے وکیل کا کہنا تھا کہ بینک کشمیر شوگر ملز مالکان نے 2013ء میں قرض حاصل کیا، شوگر ملز مالکان طارق شفیع، جاوید شفیع، ابراہیم طارق، زاہد شفیع، علی پرویز نے ذاتی گارنٹی بھی دی، کشمیر شوگر ملز کیطرف سے حسنین طارق شفیع، میاں پرویز شفیع اور خالدہ پرویز نے بھی قرض کیلئے گارنٹی دی، قرض کیلئے شوگر ملز مالکان نے چینی کی 50 کلو والی 2 لاکھ 17 ہزار 400 بوریاں رہن رکھوائیں،ملزموں نے بنک الفلاح کی واجب الادا رقم کی ادائیگی سے بچنے کیلئے رہن شدہ سٹاک چوری کروا دیا.
بینک وکیل کے مطابق قرض کی عدم ادائیگی پر کشمیر شوگر ملز کو 26 مارچ کو ڈیفالٹر قرار دیا گیا. وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بینک کا رہن شدہ سٹاک کشمیر شوگر ملز سے غائب کرنے پر میاں شاہد شفیع سمیت نواز شریف کے دیگر کزنوں کیخلاف فوجداری کارروائی کی جائے.