فیصل واؤڈا کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی

فیصل واؤڈا کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے فیصل واوڈا کو پارٹی سے نکال دیا۔ چند روز قبل عمران خان نے فیصل واوڈا کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس پر ان کے خلاف سخت ایکشن لیا تھا اور ان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمران خان کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن میں یہ بتایا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے پارٹی کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا ہے جس کی وجہ سے ان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے مطابق فیصل واوڈا کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر 26 اکتوبر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ فیصل واوڈا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں ۔ امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔ سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ عمران خان جو پرامن مارچ کرنے جارہے ہیں یہ ہمارا جمہوری حق ہے مگر لاشوں اور خون کا کھیل اس ملک میں بند ہونا چاہیے ۔ لانگ مارچ کے بیانیے کی آڑ میں سازش ہو رہی ہے، عوام ہرچیز پر لبیک کہیں لیکن کسی اور کیلئے بے گناہ موت نہ مریں۔ مزید کہا تھا کہ پر امن احتجاج کی آڑ میں بہت سارا خون بہتا دیکھ رہا ہوں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔