300 یونٹ بجلی مفت، بائیک والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا، آئی پی پی کا اعلان

300 یونٹ بجلی مفت، بائیک والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا، آئی پی پی کا اعلان
استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ 300 یونٹ سے کم استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت، موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا۔ آئی پی پی نے جہانیاں میں جلسہ کیا جس سے پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے خطاب کیا۔ جلسے سے خطاب میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھاکہ پنجاب کی چھوٹی تحصیل میں اتنا بڑا ورکر کنونشن کبھی نہیں ہوا جو لوگ کہتے تھے ہماری پارٹی کے پاس لوگ کہاں سے آئیں گے وہ آج دیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں خوبصورت پاکستان بنانےکا سوچا، 8 سال تک دن رات ہم نے محنت کی، کہتے تھے شوکت خانم اسپتال بنایا، اسی طرح خوبصورت پاکستان بنائیں گے، جب آپ وزیر اعظم بنے تو بزدار کو پنجاب میں تحفے کے طور پر دیا، عثمان بزدار فرنٹ مین تھا، پارسل آگے پہنچاتا تھا، فرح گوگی کون تھی کس کے لیے کام کرتی تھی۔ ان کا کہنا تھاکہ پہلی بار پنجاب میں پیسوں کے ساتھ لوگوں کو محکموں میں لگتے دیکھا، افسوس اپنے خوابوں کو آنکھوں کے سامنے چکنا چور ہوتے دیکھا، اب تک جتنے بھی اقتدار میں آئے ہیں،انہوں نے لوٹ مار کی، ہماری محنت کے نتیجے میں 2018 میں تحریک انصاف اقتدار میں آئی، پنجاب میں 2 کروڑ میں ڈی سی اور 5 کروڑ روپے میں کمشنر لگتے تھے۔ ن لیگ اور پی پی پر تنقید کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ ن لیگ 7 بار پنجاب میں آ چکی اور کہتے ہیں ہمیں اور موقع دیں، پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں ہے لیکن تھر کی صورتحال ابتر ہے، 50سال سے ہمیشہ وہیں جماعتیں آتی رہیں جنہوں نے غریبوں کو کچھ نہیں دیا، ن لیگ سے 40 سال سے وابستہ لوگوں سے پوچھتے ہیں آپ کو اور کتنا موقع چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی پندرہ سال سے حکومت میں بیٹھی رہی، سندھ کے عوام کو پینے کیلئے صاف پانی دستیاب نہیں، ہم آپ کےلیےغریب دوست منشور لےکر آئے ہیں، اگر جہانگیر خان نے وعدہ کیا ہے توپورا ہوگا۔ آئی پی پی کے منشور کا اعلان کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھاکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک کےکسانوں کےلیے ٹیوب ویل پر بجلی مفت ہوگی، تمام یونین کونسل میں فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، نوجوانوں کو بلا سود قرضہ ملے گا تاکہ کوئی کام شروع کریں، ہمارے منشور میں ہےکہ 300 یونٹس کے صارفین کے بل حکومت ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچی آبادی کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، موٹرسائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول دیں گے، بے گھروں کو 3 مرلہ پلاٹ دیے جائیں گے اور ویمن امپاورمنٹ کے لیے خواتین کو گھر بیٹھے روزگار ملے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔