ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ 14 روز تک بشریٰ بی بی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق بشری بی بی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کے کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ درخواست پر سماعت جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ چاروں صوبوں میں بشری بی بی کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا میں تو کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہوگا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ہم دوسرے صوبوں کیلئے بیل دے سکتے ہیں؟ بشریٰ بی بی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ عدالت سے اگر کوئی حفاظت مانگے تو عدالت ضمانت دے سکتی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سمجھایا جائے کیا باقی صوبوں کے لیے عدالت ضمانت دے سکتی ہے؟ بشریٰ بی بی کے وکیل نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو راہداری ضمانت دی ہے۔
عدالت نے متعلقہ حکام سے مقدمات کی تفصیلات مانگ لی۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواستگزار کے خلاف درج کسی بھی مقدمے کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
عدالت نے بشری بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے حکم دیا کہ 14 روز تک بشریٰ بی بی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
بشری بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواست واپس لینے کا فیصلہ
بشری بی بی نے راہداری ضمانت کی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان بشریٰ بی بی کے مطابق حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد راہداری کی ضرورت نہیں۔ تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت مل چکی ہے۔