ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رجنی کانت اور دھنوش کو ان کے گھروں میں بم نصب کرنے کی دھمکی والی ای میلز موصول ہوئیں، جس کے بعد چنئی پولیس نے فوری طور پر تحقیقات شروع کر دیں۔
تامل ناڑو پولیس کے مطابق، ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کو دو الگ الگ ای میلز موصول ہوئیں، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ رجنی کانت اور دھنوش کے گھروں میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا ہے۔ ای میل موصول ہونے کے بعد تینام پیٹ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ رجنی کانت کی رہائش گاہ پہنچے، تاہم اداکار کے سیکیورٹی عملے نے چیکنگ کی اجازت دینے سے انکار کیا، اور اسے جھوٹی اطلاع قرار دیا۔
اسی دن شام تقریباً چھ بجے ایک اور ای میل آئی، مگر اس بار بھی رجنی کانت کی ٹیم نے سیکیورٹی جانچ کے لیے تعاون نہیں کیا۔ اس کے بعد دھنوش کو بھی ایسی ہی دھمکی موصول ہوئی، مگر انہوں نے بھی پولیس سے مدد لینے سے انکار کیا۔
پولیس حکام کے مطابق، حالیہ دنوں میں متعدد مشہور شخصیات کو ایسی جعلی دھمکیاں موصول ہوچکی ہیں۔ سائبر کرائم ونگ ای میلز کی تحقیقات کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ 2 اکتوبر کو بھی ڈی جی پی کو ایسی دھمکیاں ملی تھیں جن میں کئی وی آئی پیز کی رہائش گاہوں اور دفاتر کو نشانہ بنایا گیا تھا، جن میں اداکارہ تریشا کرشنن اور شیکھر کی رہائش گاہیں شامل تھیں۔ 9 اکتوبر کو پولیس نے تمل اداکار وجے کی رہائش گاہ پر بم رکھنے کی جھوٹی دھمکی دینے والے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے کیس میں بھی اسی نوعیت کے عناصر ملوث ہونے کا امکان ہے۔