پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، متعدد مقدمات میں مطلوب ٹک ٹاکر ہلاک

پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، متعدد مقدمات میں مطلوب ٹک ٹاکر ہلاک
کیپشن: پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، متعدد مقدمات میں مطلوب ٹک ٹاکر ہلاک

ویب ڈیسک: پشاور کے تھانہ کوتوالی کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب ٹک ٹاکر ہلاک، جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق اسنیچنگ کی اطلاع ملنے پر رائیڈر اسکواڈ اور تھانہ کوتوالی کی نفری موقع پر پہنچی تو ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں رائیڈر اسکواڈ کا اہلکار حیدر علی شاہ زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ان کا ساتھی، ماصل عرف "ماصلے" ولد شیر بہادر، سکنہ قاضی خیلان، ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم منشیات فروشی، اسلحہ رکھنے، ڈکیتی، اسنیچنگ اور دیگر سنگین جرائم سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ اس کے خلاف تھانہ کوتوالی، چمکنی اور دیگر تھانوں میں انسدادِ منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم کے مقدمات درج تھے۔

پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News