ویب ڈیسک: ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو مبینہ طور پر دھمکی دے کر بھتہ وصول کرنے کی کوشش کا انکشاف کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کی جانب سے دھمکی کا تاثر دینے کے لیے جعلی شناخت اور فرضی واٹس ایپ چیٹس تیار کیں، تاہم تفتیش کے دوران چیٹس میں تضادات سامنے آئے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی ملزم کے دعووں کی تصدیق نہ ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر سلمان خان کو خوفزدہ کرکے رقم بٹورنے کے لیے دھمکی کا پورا معاملہ خود گھڑنے کا اعتراف کیا ہے۔ تفتیش کے دوران ملزم کی نشاندہی پر باندرہ سی فرنٹ کے قریب چھپائے گئے دو موبائل فون اور مبینہ جعلی واٹس ایپ چیٹس کے اسکرین شاٹس بھی برآمد کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو بہار کے سیوان سے تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار بھارتی روپے PhonePe کے ذریعے موصول ہوئے، جو بعد میں باندرہ کے ایک منی ٹرانسفر ایجنٹ سے نقد وصول کیے گئے۔
ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے کہ آیا اس معاملے میں ملزم اکیلا ملوث تھا یا دیگر افراد بھی شامل تھے۔
ادھر سلمان خان آئندہ ریئلٹی شو ’بگ باس ہندی سیزن 20‘ کی میزبانی کریں گے، جس کا پریمیئر 6 ستمبر کو متوقع ہے۔