ورلڈکپ : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ آج ہوگا

ورلڈکپ : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ آج ہوگا
بھارت میں ہونے والے انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج وارم اپ میچ میں مدِ مقابل ہوں گی۔ بھارت کی میزبانی میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ کے 13ویں ایڈیشن میں آج نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں وارم اَپ میچ کھیلیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ آج حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ شاہینوں اور کیویز کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر میچ بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا، کسی شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ قومی ٹیم کی طرف سے بابر الیون میں امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، افتخار احمد، شاداب خان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد نواز اور حسن علی کے شامل ہونے کے امکانات ہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے متوقع پلیئنگ الیون میں ڈیون کونوائے، ٹام لیتھم، کین ولیمسن، ڈیرل میچل، گلین فلپس، میٹ ہینری، مچ سینٹنر، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگیوسن اور ٹم ساؤتھی شامل ہونگے۔ اعدادوشمار کی بات جائے تو ون ڈے میچز میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 115 ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں 60 پاکستان کے نام اور 51 نیوزی لینڈ کے نام رہے۔ خیال رہے کہ ورلڈکپ میچز کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، 6 اکتوبر کو پاکستان اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔