بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی: محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار

بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی: محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار
کیپشن: بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی: محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار

ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت کی کامیابی کے باوجود ٹرافی دینے کی تقریب تنازع کا شکار بن گئی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے دباؤ پر بھارتی ٹیم نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے چیمپئن ٹرافی وصول کرنے سے بھی صاف انکار کر دیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی ایوارڈ تقریب کے دوران بھارتی ٹیم کے رویے نے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا۔ فائنل جیتنے کے باوجود بھارتی کھلاڑی ٹرافی کے قریب تک نہ گئے جس کی وجہ سے تقریب کئی منٹ تاخیر کا شکار رہی۔ بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر اے سی سی کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ بھارتی ٹیم صدر محسن نقوی کے ہاتھوں ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

تقریب کے میزبان معروف کمنٹیٹر سائمن ڈول نے بھی براہِ راست نشریات کے دوران تصدیق کی کہ انہیں اے سی سی انتظامیہ کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔ یہ اعلان سنتے ہی اسٹیڈیم میں موجود شائقین میں حیرت کی لہر دوڑ گئی اور کئی کرکٹ ماہرین نے اسے کھیل کی روح کے منافی قرار دیا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم کا رویہ پہلے ہی تنقید کی زد میں تھا۔ فائنل سے قبل بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ روایتی پری میچ فوٹو سیشن میں شریک ہونے سے انکار کیا جبکہ میچ کے اختتام پر بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ بھی نہیں ملایا۔

اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے بھارتی ٹیم کے اس رویے کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ٹرافی کسی اور ذریعے سے بھارتی ٹیم کو نہیں دی جائے گی۔ نتیجتاً چیمپئن ٹرافی واپس لے جائی گئی اور تقریب ادھوری رہ گئی۔ ماہرین کرکٹ کے مطابق یہ اقدام نہ صرف کھیل کی ساکھ بلکہ کرکٹ میں باہمی احترام کی روایت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

Watch Live Public News