ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے اختتام پر بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیل کو سیاست سے داغدار کرنے کے اقدام پر پاکستانی سفارتی حکام نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے دو ٹوک پیغام میں کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر نہ صرف کھیل بلکہ خود کو بھی دنیا کے سامنے مذاق بنا دیا ہے۔
فیصل نیاز ترمذی نے اپنی پوسٹ میں یاد دلایا کہ مئی 2025 میں بھارت 6 جنگی طیارے اور 4 رافیل طیارے کھو بیٹھا تھا، لیکن اس کے باوجود بھارتی قیادت کی ہندوتوا سوچ اپنی ضد اور تعصب پر قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بہت پہلے ہی ہندوتوا ذہنیت کو پہچان لیا تھا، آج بھی نازی ازم اور فاشزم کی بنیاد پر اسلام سے نفرت کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھارتی ٹیم نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا بلکہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے بھی انکار کر دیا۔ اس ہٹ دھرمی کے باعث فاتح ٹیم کو ٹرافی نہ دی جا سکی اور تقریب بغیر ٹرافی کے اختتام پذیر ہوئی۔
اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے محسن نقوی نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی ٹیم کا رویہ کھیل کی اصل روح کو مجروح کرتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کو سیاست کے ساتھ جوڑنا کرکٹ کے شائقین کے لیے انتہائی مایوس کن ہے اور یہ اقدام اسپورٹس مین اسپرٹ کی مکمل نفی ہے۔