مودی جنگ کو کھیل سے جوڑ کر بڑی مشکل میں پھنس گئے

مودی جنگ کو کھیل سے جوڑ کر بڑی مشکل میں پھنس گئے
کیپشن: مودی جنگ کو کھیل سے جوڑ کر بڑی مشکل میں پھنس گئے

ویب ڈیسک: بھارتی وزیر اعظم مودی کو ایشیا کپ میں بھارت کی فتح کو ’آپریشن سندور‘ سے جوڑنا مہنگا پڑ گیا، پوسٹ وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے فائنل میں اپنی ٹیم کی فتح کے بعد ایکس پلیٹ فارم پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کھیلوں کے میدان میں آپریشن سندور ہوا اور نتیجہ وہی نکلا بھارت جیت گیا۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی پوسٹ میں بھارتی کرکٹرز کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارک باد بھی دی۔

مودی کی جانب سے کھیل کو سیاست سے جوڑنے پر صارفین نے غصے کا اظہار کیا ہے۔ ایک بھارتی صارف نے اپنے وزیر اعظم کی پوسٹ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہر بھارتی (خواہ اس نے میچ دیکھا یا نہ دیکھا) بھارت کی جیت پر خوش ہے لیکن وزیر اعظم صاحب، ایک کرکٹ میچ کو آپریشن سندور کہنا انتہائی بے حسی ہے۔

دوسرے صارف نے لکھا کہ کیسا نتیجہ؟ کیا فائنل جیتنے سے پہلگام کے متاثرین کو انصاف مل گیا؟ اگر متاثرین کو صرف ایک میچ کھیل کر انصاف مل سکتا تھا تو آپریشن سندور کا مقصد کیا تھا؟

دوسری جانب، پاکستانی صارفین نے بھی مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ بھارتی وزیر اعظم کرکٹ میچ کو جنگ کے برابر قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان سے جنگ ہار گیا ہے تو کیا اس نقصان کی تلافی کیلئے وہ کچھ بھی کریں گے؟۔

بھارتی وزیر اعظم کی اس پوسٹ پر صحافی فخر درانی نے لکھا کہ پاکستان کی بات ہو تو بھارت کھیل کو بھی جنگ سمجھتا ہے۔ کیا ہم ایسا نہیں کرسکتے؟ جس طرح افواجِ پاکستان ایک ڈسیپلنڈ ادارہ ہے جہاں کوئی سفارش نہیں چلتی تو ہمارے کرکٹ بورڈ کو بھی خالصتاَ ایک پروفیشنل چیئرمین، سپورٹ سٹاف اور میرٹ پر سلیکشن کی ضرورت ہے پھر دیکھیں ہم کرکٹ میں بھی بنیان المرصوص ہوں گے۔‘

Watch Live Public News