ویب ڈیسک: سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق وزیر صحت عامر کیانی پی ٹی آئی قیادت پر برس پڑے۔
تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کی۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کل خیبرپختونخوا جلسے میں جوتے دکھائے گئے۔ جلسے میں ان کو گالیاں دی گئیں۔ ان پر لعنتیں بھیجی گئیں۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میں تو پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ یہ قیادت مخلص نہیں ہے۔ یہ لوگ چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں اور باہر موج میلہ لگا رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تو گرفتار ہوئے ہیں جیلوں میں گئے ہیں۔ یہ قیادت تو نہ کبھی گرفتار ہوئی اور نہ ہی جیلوں میں گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے خود کوشش کر سکتے ہیں باقی نہ یہ کام علی امین کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس قیادت کے بس کی بات ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عامر کیانی نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ عامر کیانی کا کہنا تھا کہ آج کل کی قیادت کیا کر رہی ہے؟ ہماری تو خواہش ہے بانی پی ٹی آئی اور سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ ہماری تو کوئی اتنی جدوجہد نہیں ہے ہم نے صرف اپنی زندگیاں خان صاحب کے ساتھ گزاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قومی اثاثہ ہے ہم پارٹی کے فاؤنڈر ممبر ہیں افسوس ہوتا ہے کہ 28 سال بعد پارٹی کی یہ حالت ہے۔ جو لوگ باہر بیٹھے ہیں وہ اتنے اہل نہیں کہ پارٹی کو چلا سکیں۔