یو اے ای کا نئے ویزا کیٹیگریز کا اعلان، غیرملکیوں کیلئے شاندار سہولیات

یو اے ای کا نئے ویزا کیٹیگریز کا اعلان، غیرملکیوں کیلئے شاندار سہولیات

ویب ڈیسک:  متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کی فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سکیورٹی نے ویزا قوانین میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت چار نئی کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں جبکہ کئی موجودہ ویزوں کی مدت، شرائط اور ضابطوں کو بھی اپڈیٹ کیا گیا ہے۔

میجر جنرل سہیل سعید الخیلی، ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر رہائشی اور غیر ملکی امور کے مستقبل پر کی گئی تحقیق اور سروس ایویلیوایشنز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

ویزا قوانین میں تبدیلی اور سہولیات کی فراہمی لوگوں کی ضروریات، انسانی ہمدردی کے پہلوؤں اور معاشی ترقی کو سامنے رکھتے ہوئے کی گئی ہیں تاکہ معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکے، تجارت و ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے، ٹیکنالوجی سیکٹر کو سپورٹ کیا جا سکے اور یو اے ای کی عالمی سطح پر مسابقتی حیثیت مزید مضبوط ہو۔

نئی ویزا کیٹیگریز میں شامل ہیں:
مصنوعی ذہانت اسپیشلسٹس کیلئے انٹری ویزا: ایک یا متعدد بار کے سفر کے لیے جاری ہوگا، بشرطیکہ اسپانسر یا میزبان کمپنی (ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی) کا آفیشل لیٹر موجود ہو۔
انٹرٹینمنٹ ویزا: غیر ملکی افراد کو تفریحی سرگرمیوں کے لیے عارضی مدت تک دیا جائے گا۔
کروز ورکرز ویزا: کروز شپ انڈسٹری میں کام کرنے والے افراد کے لیے خصوصی اجازت نامہ۔
انسانی ہمدردی ویزا: ایسے افراد کے لیے جو خاص ہمدردانہ وجوہات کے تحت یو اے ای آنا چاہتے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ تبدیلیاں یو اے ای کو نہ صرف کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش بنائیں گی بلکہ یہاں آنے والوں کو مزید سہولت بھی فراہم کریں گی۔

اتھارٹی نے مزید بتایا کہ وزٹ ویزا اب دوست یا رشتہ دار کے لیے بھی جاری ہو سکے گا، جس میں کفیل کو اپنی آمدنی کی بنیاد پر تیسرے درجے تک کے رشتہ دار یا دوست کو بلانے کی اجازت ہو گی۔

بزنس ایکسپلوریشن ویزے کے لیے مالی طور پر مستحکم ہونا ضروری ہے ، اس کے علاوہ ٹرک ڈرائیور ویزا کے لیے کفیل کی موجودگی کے ساتھ ساتھ صحت اور مالی ضمانتیں بھی لازمی قرار دی گئی ہیں۔

اسی طرح ایک سالہ انسانی بنیادوں پر ایک سالہ رہائشی پرمٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے جسے مخصوص شرائط کے تحت بڑھایا جا سکے گا۔

Watch Live Public News