(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں پائیدار امن کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ میں صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے کا خیرمقدم کرتا ہوں جو غزہ میں جنگ کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اور اسرائیل کے درمیان پائیدار امن نہ صرف انسانی بنیادوں پر ناگزیر ہے بلکہ اس سے پورے مشرق وسطیٰ میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کا راستہ بھی ہموار ہوگا۔
وزیرِاعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مجھے مکمل یقین ہے کہ صدر ٹرمپ اس نہایت اہم اور فوری نوعیت کے معاملے کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں پُرزور یقین رکھتا ہوں کہ دو ریاستی تجویز کا نفاذ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔