اسرائیلی وزیر اعظم نے دوحہ حملے پر قطری وزیر اعظم سے معافی مانگ لی

اسرائیلی وزیر اعظم نے دوحہ حملے پر قطری وزیر اعظم سے معافی مانگ لی

(ویب ڈیسک ) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دوحہ حملے پر قطری وزیر اعظم سے معافی مانگ لی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دوحہ پر حملے کے لیے قطری وزیر اعظم سے معافی مانگ لی ۔اسرائیلی وزیراعظم نے وائٹ ہاؤس سے فون کال کرکے قطری وزیراعظم سےمعافی مانگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کیلئے وائٹ ہاؤس میں موجود تھے۔جب انہوں نے قطری وزیر اعظم سے چند منٹ تک فون پر گفتگو کی،اس کال میں صدر ٹرمپ بھی شریک تھے۔

نیتن یاہو نے دوحہ پر حملے کے دوران قطری خودمختاری کی خلاف ورزی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ایک قطری سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔

 رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیل اس واقعے میں جاں بحق محافظ کے خاندان کو معاوضہ ادا کرنے پر غور کر رہا ہے۔

یہ معافی غزہ میں جنگ کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی کوششوں میں ایک مرکزی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ حملے کے بعد قطر نے حماس سے مذاکرات کی ثالثی سے انکار کر دیا تھا۔ اسرائیلی حملے کا ہدف دوحہ میں موجود حماس کے اہم رہنما تھے، تاہم وہ بچ نکلے۔

اسرائیلی میڈیا  نے غیر مصدقہ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ قطر نے امریکی حکام کو اشارہ دیا ہے کہ وہ حماس کو غزہ کی غیر عسکری حیثیت پر آمادہ کر سکتا ہے، جو موجودہ امن معاہدے کا ایک اہم نکتہ ہے۔

Watch Live Public News