پنجاب حکومت نے کاروباری افراد کیلئے eBIZپورٹل کا آغاز کردیا

پنجاب حکومت نے کاروباری افراد کیلئے eBIZپورٹل کا آغاز کردیا

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت کا صوبہ میں ای گورننس کے فروغ کیلئے اہم اقدام، کاروبار کے آغاز کیلئے این او سی کے حصول کو آسان بنانے کیلئے eBIZپورٹل کا آغاز کردیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کے دوران ای بز پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا، ابتدائی طور پر   پورٹل کے ذریعے30کاروبار وں کیلئے این او سی کے حصول کیلئے آن لائن اپلائی کیا جا سکے گا۔

تصدیق اورمنظوری کا تمام عمل ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، کسی بھی مرحلے پر فزیکل فائل یا پیپر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

 چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ  آن لائن پورٹل کے آغاز سے کاروباری افراد کو این او سی کے حصول کیلئے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

چیف سیکرٹری نے پی آئی ٹی بی کو دسمبر تک سرکاری محکموں، ذیلی اداروں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر سے فراہم کی جانیوالی تمام سروسز کو ڈیجیٹل کرنے کا ٹاسک دے دیا .

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت آئی ٹی کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں لا رہی ہے، محکموں کی کارکردگی اور سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

ای فاس اورای پروکیورمنٹ پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے، پیپر لیس ورکنگ سے کام کے طریقہ کار میں جدت اور شفافیت آئی ہے۔

چیئرمین پی آئی ٹی بی نے اجلاس کو صوبے میں ای گورننس اقدامات پر بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا کہ  سرکاری ملازمین کی اے سی آرز، چھٹی، ٹرانسفر آرڈرز کو ای فاس سے منسلک کیا گیا ہے۔

عوام کی معلومات اور خدما ت تک آسان رسائی کیلئے محکموں کی ویب سائٹس کو فعال بنانے پر کام جاری ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری، تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ 

Watch Live Public News