”ضمنی انتخاب میں دھاندلی کا ثبوت ملا تو سخت ایکشن ہو گا“

”ضمنی انتخاب میں دھاندلی کا ثبوت ملا تو سخت ایکشن ہو گا“

اسلام آباد(پبلک نیوز) الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو کوئی شکایت ہو تو اس کو قانون کے مطابق سنا جائے گا۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا دھاندلی کا کوئی ثبوت ملا تو سخت سے سخت ایکشن لیا جائے گا۔ تمام فیصلے میرٹ پر ہوں گے۔

یادرہے کہ پاکستان مسلم لیگ اور حکومتی جماعت تحریک انصاف  سمیت متعدد سیاسی جماعتوں نے این اے 249 کے نتائج پر شکوک شہبات کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازنے الیکشن کمیشن سے نتائج روکنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا چند سو ووٹوں سے ن لیگ سے جیت چرائی گئی، الیکشن کمیشن نے نتیجہ نہ روکا تو بھی کامیابی عارضی ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ایک نشست کیلئے پورے نظام کو یرغمال بنایا، اب الیکشن اصلاحات کی ضرورت کا احساس پہلے سے بھی زیادہ شدت سے محسوس ہوتا ہے، ایک بار پھر اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ وزیراعظم کی تجاویز پر غور کریں، ووٹنگ کی شرح سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام کا انتخابی عمل سے اعتبار ختم ہورہا ہے۔

276 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ موصول ہو گیا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل نے 16156 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کر لی۔ نون لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل 15573 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ ٹی ایل پی کے نذیر احمد 11125 ووٹ لے کر تیسرے، پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال 9227 ووٹ لے کر چوتھے، پی ٹی آئی کے امجد آفریدی 8922 ووٹ لے کر پانچویں اور ایم کیوایم کے حافظ محمد مرسلین 7511 ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر رہے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔