(ویب ڈیسک)وفاقی وزراء نے معرکہ حق کے کمسن مجاہد ارتضیٰ عباس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر اس موقع پر موجود تھیں۔وفد کے ارکان نے بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے سات سالہ ارتضیٰ عباس کے عزم و ہمت کو سلام پیش کیا۔
ارتضیٰ عباس کی شہادت کے وقت ان کے والد لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس لائن آف کنٹرول پر دشمن سے نبرد آزما تھے۔کمسن بیٹے کی شہادت کے باوجود لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس فرض کی ادائیگی میں محاذ جنگ پر دشمن کو بھرپور جواب دیتے رہے۔
وفاقی وزراء نے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں جرات کے نشان کمسن مجاہد ارتضیٰ عباس کی شہادت نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے دی جانے والی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان کی قربانیوں اور قوم کی دعاؤں سے فتح نصیب ہوئی جس پر اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ہے۔
وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں سے قوم کے حوصلے مزید مضبوط ہوئے ہیں، عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں،۔
وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ صبر و استقامت کی علامت ہیں، قوم ان کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔