پنجاب میں سیلابی صورتحال سنگین، ہیڈگنڈاسنگھ والا میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب

پنجاب میں سیلابی صورتحال سنگین، ہیڈگنڈاسنگھ والا میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب
کیپشن: پنجاب میں سیلابی صورتحال سنگین، ہیڈگنڈاسنگھ والا میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف حصوں میں جاری بارشوں نے سیلابی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ نشیبی علاقے اور دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی سے متاثرین کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے جس کے باعث تلوار پوسٹ اور اس سے ملحقہ دیہات خالی کرانے کے لیے اعلانات کیے گئے ہیں۔ دریائے ستلج کے بلوکی اور گنڈا سنگھ والا ہیڈ ورکس پر اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے جبکہ راوی کے شاہدرہ اور سائفن پوائنٹس کے ساتھ ساتھ چنیوٹ برج پر بھی اونچے درجے کی صورتحال برقرار ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ کے گڈو بیراج، خانکی، قادر آباد اور جسر کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ سکھر، کوٹری، مرالہ اور ہیڈ اسلام کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ دوسری جانب تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 81 فیصد بھر چکا ہے، جس کے بعد کسی بھی اضافی بارش یا پانی کے اخراج سے خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔

چنیوٹ میں دو گھنٹے سے زائد مسلسل بارش نے سیلاب زدہ علاقوں کو مزید متاثر کیا ہے، جبکہ شیخوپورہ اور گردونواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقے مکمل طور پر زیرِ آب آ گئے ہیں۔ جہلم اور قریبی علاقوں میں بھی ندی نالے بپھرنے سے مکانات میں پانی داخل ہو گیا ہے۔

مسلسل بارشوں کے باعث ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں 800 سے زائد کشتیاں اور ہزاروں ریسکیو ورکرز شریک ہوئے جبکہ پاک فوج نے بھی متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تینوں بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بہت زیادہ ہے اور جہاں ضرورت پیش آئی، وہاں شگاف ڈال کر قریبی آبادیوں کو بچایا جائے گا۔ آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ ماہل میں طغیانی آگئی اور وہاں کے باسیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں مزید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ شام یا رات کو سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

Watch Live Public News