ویب ڈیسک: دریائے راوی، ستلج اور چناب میں طغیانی، پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلاتعطل جاری، ترجمان پنجاب پولیس نے کہا پنجاب پولیس اب تک 01 لاکھ 38 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے 56 ہزار 614 مردوں، 40 ہزار 270 خواتین اور 41 ہزار 511 بچوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا، پنجاب پولیس نے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے 01 لاکھ 28 ہزار سے زائد مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کئے۔
لاہور میں اب تک 6 ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، پولیس نے صوبائی دارالحکومت میں 1367مردوں، 1570 خواتین اور 2981 بچوں کو ریسکیو کیا۔
ریسکیو آپریشنز کیلئے پنجاب پولیس کی 15 ہزار نفری، 700 سے زائد گاڑیاں، 40 کشتیاں استعمال میں لائی جا رہی ہیں۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف کی طرف سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اقدامات پر پنجاب پولیس کی حوصلہ افزائی کرنے پر شکر گذار ہیں، آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز کو نقل مکانی کرنے والے افراد کے گھروں و املاک کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہریوں کے انخلا والے علاقوں میں سکیورٹی اور پٹرولنگ بڑھا دی جائے، فلڈ ریلیف کیمپوں میں پناہ گزین متاثرہ افراد اور انکے ساز و سامان کی بھرپور سکیورٹی بھی یقینی بنائیں۔