(ویب ڈیسک ) نائب صدر لاہور چیمبر خرم لودھی کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر شعبے کے شارٹ فال کا خاتمہ ضروری، مؤثر گورننس اور نئے انتظامی یونٹس وقت کی اشد ضرورت ہے۔
نائب صدر لاہور چیمبرخرم لودھی نےنئے انتظامی صوبوں اور بہتر گورننس کی اہمیت پر اہم بیان جاری کردیا۔
خرم لودھی نے کہا کہ ملک میں ہر شعبے کے شارٹ فال کا خاتمہ ضروری، مؤثر گورننس اور نئے انتظامی یونٹس وقت کی اشد ضرورت ہے، ملک کو بجلی ہی نہیں، گڈ گورننس کے شارٹ فال کا بھی سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ آتشزدگی اور پمز میں بچوں کی اموات جیسے واقعات نظام میں بنیادی اصلاحات کا تقاضا کرتے ہیں، بہتر گورننس کے لیے انتظامی یونٹس کو چھوٹا کرنے اور نئے صوبوں کے قیام پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔
نائب صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس سے حکومت اور انتظامیہ عوام کے قریب، مسائل کے فوری حل اور وسائل کی مؤثر تقسیم ممکن ہوگی، بھکر، میانوالی، ملتان اور دور دراز علاقوں کے شہریوں کو معمولی سرکاری کاموں کے لیے بڑے شہروں کا سفر نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورننس، توانائی، معیشت، امن و امان اور انتظامی ڈھانچے میں مؤثر اصلاحات ناگزیر ہیں، عوام کی بڑھتی مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے، مؤثر گورننس کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔