پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں اہم پیش رفت

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں اہم پیش رفت

(ویب ڈیسک)وزیراعظم کی سرپرستی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

سعودی وزیرِ ماحولیات اور وزارتِ قومی غذائی تحفظ کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے۔دونوں ممالک کے کامیاب مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین کا دو طرفہ گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔دونوں جانب سے سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت غذائی تحفظ کی ترجیحات اور پاکستان کے زرعی و غذائی برآمدی شعبے کے درمیان موجود مضبوط باہمی ہم آہنگی کو اجاگر کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کیلئے برآمدات کو 3 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہدف کے حصول کے لیے آئندہ دو سال کے دوران اس ہدف کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔ سعودی نجی شعبے کے ساتھ مل کر چاول، سرخ گوشت، پھل اور ان کے کنسنٹریٹس، سبز چارہ اور پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی زرعی ٹیکنالوجیز ترجیحی شعبے قرار  دیے گئے ہیں ۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کی چاول کی درآمدی منڈی کو تقریباً 169,000 ٹن چاول فراہم کیے، برآمد کردہ چاولوں کی مالیت تقریباً 163 ملین امریکی ڈالر تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان چاول کی دوطرفہ تجارت مزید بڑھانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔سرخ گوشت کے شعبے میں پاکستان سالانہ تقریباً 30,000 ٹن سرخ گوشت کی فراہمی کرتا ہے، پاکستان کی سعودی عرب کے لئے سرخ گوشت کی برآمد  کی مالیت تقریباً 167 ملین امریکی ڈالر ہے۔

اعلامیے کے مطابق  سعودی وفد  نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد کو بتدریج دگنا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔پھلوں اور ان کے کنسنٹریٹس کے حوالے سے دونوں جانب نے سعودی عرب میں پاکستان کے  برآمدی حصے کو مزید بڑھانے کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔دونوں فریقین نے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط اور میچ میکنگ کو آسان بنانے اور معیار کی سرٹیفکیشن کی باہمی منظوری کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی۔

جاری اعلامیے میں کیا گیا ہے کہ سعودی فریق نے سبز چارے کو تجارت میں وسعت اور طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کے قیام کے لیے ایک امید افزا شعبہ قرار دیا۔ بھکر، پنجاب میں پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا گیا۔چھوٹے کاشتکاروں کے لیے مجوزہ دوسرے مرحلے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی وفد نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت اختیار کرنے کی بھی دعوت دی۔دونوں فریقین نے لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین کے شعبوں میں پاکستان کے نجی شعبے کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔

اس کےعلاوہ دونوں ممالک نے اپنی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کیا۔پاکستانی وفد کی جانب سے سعودی عرب میں منعقد ہونے والی 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا گیا۔دونوں جانب نے دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا  اورباہمی مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Watch Live Public News