ویب ڈیسک: پنجاب پولیس نے نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف شکنجہ تیار کرتے ہوئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔
یاد رہے کہ پنجاب پولیس نے رواں سال ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سینکڑوں قانون شکن گرفتار کیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف 3595 مقدمات درج کرکے 5412 افراد کو گرفتارکیا گیا۔ 3865 ملزمان کو سزائیں دلوائی گئیں، 2816 مقدمات کا چالان مکمل کیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکمومت میں ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف 523 مقدمات درج کرکے 572 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ صوبہ بھر میں ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف 3170 مقدمات درج، 3365 افراد گرفتار کیے۔ لاہور میں ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف 1641 مقدمات مدرج، 1569 افراد گرفتار ہوئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی ہرگز اجازت نہیں۔ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کی خریدو فروخت کرنے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں۔
آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ کی جان لیوا سرگرمی میں ہرگز ملوث نہ ہونے دیں۔