ویب ڈسک : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ ہم ہائیکورٹ آئے ہیں تاکہ جج ذوالقرنین کو ہٹایا جائے۔
علیمہ خان نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گواہان کے بیانات کروائے لیکن جرح کے وقت فیصلہ دے دیا، گذشتہ روز ہمارے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو فراڈ کیا وہ سب کے سامنے ہے، مجھے بھی جیل میں ڈال دیں، میں اسے فراڈ کہوں گی۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا کام انصاف دینا ہے، انہیں تنخواہ ملتی ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔
فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی، اسٹیٹ کونسل، بانیٔ پی ٹی آئی کی بہنیں، شاہ محمود قریشی کے اہلِ خانہ، میڈیا کے نمائندے اور عام افراد بھی کورٹ روم میں موجود تھے۔