پیکا ایکٹ مقدمہ:پی ٹی آئی رہنمارؤف حسن کامیڈیکل کرانےکاحکم،جیل منتقل

پیکا ایکٹ مقدمہ:پی ٹی آئی رہنمارؤف حسن کامیڈیکل کرانےکاحکم،جیل منتقل
کیپشن: پیکا ایکٹ مقدمہ:پی ٹی آئی رہنمارؤف حسن کامیڈیکل کرانےکاحکم،جیل منتقل

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور دیگر ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور دیگر ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کے وکیل سینیٹر علی ظفر، علی بخاری و دیگر پیش ہوئے جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے پروسیکیوٹر شیخ عامر عدالت کے روبرو آئے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر عامرشیخ نے کہا کہ ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوئی ہے، تمام ملزمان ایک دوسرے سے رابطے میں تھے۔

وکیل علی ظفر نے کہا کہ رؤف حسن و دیگر کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہوچکا، رؤف حسن کی طبیعت ٹھیک نہیں، چیک اپ کروایا جائے۔

ایف آئی اے پرایسکیوٹر نے رؤف حسن کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کردی۔

پیکا ایکٹ کی خصوصی عدالت کے مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے رؤف حسن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ درخواست ضمانت دائر کر رہےہیں، نوٹس جاری کردیں، آگے عدالتی چھٹیاں ہیں۔

گزشتہ سماعت پر ڈیوٹی جج مرید عباس نے روؤف حسن اور دیگر کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا، ایف آئی اے رؤف حسن اور دیگر کا مجموعی طور پر 7 دن کا ریمانڈ حاصل کرچکی ہے۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے رہنما پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن و دیگر9 ملزمان کے خلاف پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

23 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے حوالے کردیا تھا۔

22 جولائی کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کر لیا تھا۔

Watch Live Public News