(ویب ڈیسک) پاکستان خلائی تحقیق کے شعبے میں ایک اور سنگ میل عبور کرنے جا رہا ہے، سپارکو کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کل چین کے شیچانگ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا جائے گا۔
پاکستان کا جدید ترین ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کل (بدھ) چین سے لانچ کیا جائے گا، جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سپارکو کے سائنسدان اس وقت چین کے شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں موجود ہیں جہاں سے پاکستان وقت کے مطابق صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجا جائے گا۔
یہ مشن پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ لانچ کی تقریب کو سپارکو ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں براہ راست نشر کیا جائے گا، جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یاسر کا ویڈیو پیغام بھی تقریب کے دوران پیش کیا جائے گا۔
یہ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ پاکستان کو انفراسٹرکچر کی نگرانی، شہری پھیلاؤ، سیلاب، زمینی کھسکاؤ اور زلزلوں کی بروقت پیشگوئی جیسے اہم مقاصد میں مدد فراہم کرے گا۔ اس کی مدد سے سی پیک سمیت دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کو بھی سہارا ملے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کی پہلے ہی پانچ سیٹلائٹس خلا میں متحرک ہیں اور قومی سطح پر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔