ویب ڈیسک: باغبان پورہ کے علاقے سکھ نہر کے قریب ایک خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں ایک بچے کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی، جس میں خاندان کے متعدد افراد موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مکان کافی عرصے سے خستہ حال تھا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات تقریباً 10 بجے پیش آیا، جبکہ امدادی کارروائیاں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔
دوسری جانب فیصل آباد میں بھی بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔