ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو چینی ساختہ فضائی دفاعی ہتھیاروں کی مبینہ فراہمی سے متعلق چین اور پاکستان کو جوڑنے والے سوال کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ چین ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک صحافی نے ایران کو مبینہ طور پر چینی ساختہ فضائی دفاعی میزائل نظام کی فراہمی کے تناظر میں چین اور پاکستان کے کردار سے متعلق سوال کیا، تاہم ٹرمپ نے کہا کہ انہیں صدر شی جن پنگ کی جانب سے واضح یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایسی کوئی فراہمی نہیں ہوگی۔
دوسری جانب چین نے بھی ایران کو ہتھیار فراہم کرنے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ادھر پاکستان پہلے ہی ان دعوؤں کی تردید کر چکا ہے کہ اس کی سرزمین چین سے ایران تک کسی بھی مبینہ اسلحہ کی ترسیل کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
پاکستان نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے، مذاکرات کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔