ویب ڈیسک: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم پنجاب کنگز کے آل راؤنڈر ششانک سنگھ، ان کے ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر والد شیلیش سنگھ اور ایک ڈرائیور کے خلاف مبینہ طور پر گھریلو ملازم پر تشدد اور بدزبانی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ بھوپال کے رتیباد تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں قابلِ اعتراض زبان استعمال کرنے، معمولی جسمانی نقصان پہنچانے اور مشترکہ ارادے سے جرم کرنے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔
شکایت کنندہ وپیندر سنگھ تومر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں 25 جون کو 15 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر بطور باورچی ملازم رکھا گیا تھا۔ ان کے مطابق ملازمت کے پہلے ہی دن سے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا اور ان کا موبائل فون بھی اپنے پاس رکھ لیا گیا۔
Bhopal Police have registered an assault case against IPL cricketer Shashank Singh and his father, retired Special DG Shailesh Singh, following a complaint by an employee working at their bungalow. The FIR was registered 24 hours after the complaint was received pic.twitter.com/Um6iAFDcIx
— IANS (@ians_india) June 29, 2026
مدعی کا الزام ہے کہ 28 جون کو موبائل فون واپس مانگنے پر شیلیش سنگھ نے انکار کر دیا، جس کے بعد ششانک سنگھ، ان کے والد اور ڈرائیور نے مبینہ طور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، گالیاں دیں، گھر سے نکال دیا اور رہائش و کھانے کے اخراجات کی مد میں ایک ہزار روپے بھی زبردستی اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروا لیے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ملزمان کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔