لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گر گئی، 14 بچے ہلاک

لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گر گئی، 14 بچے ہلاک

(ویب ڈیسک ) لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے14بچے جان کی بازی ہا ر گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرگئی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ لاہور ڈاکٹر آصف نیازی کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی۔زخمی اور لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کاہنہ منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ مکان مالک سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا نوٹس: 

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ذیشان ملک وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر کاہنہ روانہ ہو گئے۔وزیر اعلی پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔وزیر اعلی پنجاب کا ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت بھی کردی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز  نے صوبائی وزراء کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران  : 

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران جائے وقوعہ پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کاٹی ایچ کیو ہسپتال کاہنہ کا دورہ کیا  اورزخمی بچوں کی عیادت کی۔

فیصل کامران نے متاثرہ بچوں کے اہلخانہ سے ملاقات کی ، اظہارِ تعزیت کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے کہا کہ افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،واقعہ کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کے لیے تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں،قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی،متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ برقرار ہے، واقعہ کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، لاہور پولیس متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن قانونی، انتظامی اور انسانی معاونت فراہم کر رہی ہے،ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے لاہور پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Watch Live Public News