پانی ہماری ریڈلائن،کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے،شہبازشریف

پانی ہماری ریڈلائن،کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے،شہبازشریف
کیپشن: پانی ہماری ریڈلائن،کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے،شہبازشریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے پانی کے حق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے۔

وہ تاجکستان میں گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے اس اقدام کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت کو سرخ لکیر عبور نہیں کرنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں انسانوں کی زندگی کو تنگ نظر سیاسی مفادات کے لیے یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔

وزیراعظم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ جدید دنیا میں پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا رجحان جنم لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یکطرفہ اور غیرقانونی طور پر سندھ طاس معاہدے کی معطلی افسوسناک ہے اور یہ عالمی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ اس کا گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی برادری سے ماحولیاتی بحران کے خلاف اجتماعی اقدام کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم نے گلیشیئرز کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 13 ہزار گلیشیئرز موجود ہیں، جو ملک کے دریاؤں میں پانی کی فراہمی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ انہوں نے دنیا کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ مل کر گلیشیئرز اور دریاؤں کی حفاظت کریں۔

انہوں نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا کہ وہ کمزور ممالک میں ابتدائی وارننگ کے نظام میں سرمایہ کاری کریں اور اپنی ماحولیاتی ذمہ داریوں کو پورا کریں، کیونکہ ماحولیاتی بحران سے قدرتی نظامِ حیات بھی متاثر ہو رہا ہے۔

 وزیراعظم کی تاجک صدر سے ملاقات:

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے دوشنبے میں تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، جہاں توانائی، سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس ملاقات میں سی پیک منصوبے کو وسطی ایشیا تک وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا، جبکہ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور اپنی خودمختاری و سالمیت کے تحفظ سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Watch Live Public News