ویب ڈیسک: سعودی عرب نے ایک اہم اقدام کے تحت 14 ممالک کے شہریوں کے لیے " بلاک ورک ویزہ کوٹہ" عارضی طور پر معطل کر دیا ہے، یہ فیصلہ جون 2025 تک نافذ العمل رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق یہ قدم حج سیزن کے دوران امیگریشن پر دباؤ کم کرنے، ہجوم پر قابو پانے اور غیر قانونی حج کی روک تھام کے لیے اُٹھایا گیا ہے۔
متاثرہ ممالک میں پاکستان، بھارت، مصر، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس، یمن اور مراکش شامل ہیں۔
"بلاک ورک ویزہ" ایک منظور شدہ کوٹہ ہوتا ہے جس کے ذریعے سعودی کمپنیاں مخصوص ممالک سے ورکرز بھرتی کرتی ہیں۔ موجودہ معطلی کے نتیجے میں نئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی جبکہ پرانی درخواستوں میں تاخیر یا منسوخی کا خدشہ ہے۔ ایسے افراد جنہیں ویزا جاری ہو چکا مگر وہ سعودی عرب میں داخل نہیں ہوئے، انہیں بھی داخلے میں رکاوٹوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، سعودی حکومت نے عمرہ، فیملی وزٹ، بزنس اور سیاحتی ویزے بھی کچھ ممالک کے لیے وقتی طور پر روک دیے ہیں۔ ان پابندیوں کا دورانیہ جون 2025 کے آخر تک متوقع ہے، جس کے بعد صورتحال کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا اور ممکنہ نرمی کا امکان موجود ہے۔