ایس ایس پی انویسٹیگیشن صبا ستار کےوارنٹ گرفتاری جاری

ایس ایس پی انویسٹیگیشن صبا ستار کےوارنٹ گرفتاری جاری
کیپشن: ایس ایس پی انویسٹیگیشن صبا ستار کےوارنٹ گرفتاری جاری

ویب ڈیسک: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 13 سال پرانے مقدمے میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر ایس ایس پی انویسٹیگیشن صبا ستار کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے ایس ایس پی صبا ستار کو توہین عدالت کے کیس میں 2 جون تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ وارنٹ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جاری کیے، جب صبا ستار 29 مئی کو طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ صبا ستار کی تنخواہ قرق کر دی جائے اور ہر آئندہ پیشی پر انہیں جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت میں پیش ہونا لازمی ہے۔عدالت نے آر پی او راولپنڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ صبا ستار کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔

واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے توہین عدالت کا نوٹس اس بنیاد پر جاری کیا گیا کہ ایس ایس پی انویسٹیگیشن بطور سپر وائزری آفیسر اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہیں اور پرانے مقدمے کے تفتیشی افسران و گواہان کی عدالت میں غیر حاضری انصاف کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

اس مقدمے پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کی جانب سے بھی عدالتی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، جن پر عمل درآمد میں مسلسل تاخیر ہو رہی ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی ذاتی حیثیت میں حاضری کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت جاری کی ہے، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News