پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی
کیپشن: پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی

ویب ڈیسک: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ آسٹریلوی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 45ویں اوور میں 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو رینشا 61 اور میتھیو شارٹ 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی، سلمان آغا اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 43ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز اسکور کیے، جبکہ غازی غوری 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صاحبزادہ فرحان نے 28 اور عرفات منہاس نے 18 رنز کی  اننگز کھیلی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 2 جون کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب قومی ٹیم نے اس میچ میں ایک اہم سنگِ میل بھی عبور کیا۔ پاکستان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہزار میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا اور بھارت یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

Watch Live Public News