ویب ڈیسک: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے باضابطہ طور پر بیچلر آف ڈینٹل سرجری ( بی ڈی ایس) پروگرام کو 4 سال سے بڑھا کر 5 سال کرنے کا اعلان کردیا۔ نئی پالیسی سیشن 2025-2024 سے ملک بھر میں نافذ کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایم ڈی سی سے جاری بیان میں صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے تبدیلی کے اہم فوائد پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی بی ڈی ایس گریجویٹس کو دنیا بھر میں تربیت اور ملازمتیں حاصل کرنے میں درپیش چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں بی ڈی ایس کورس/اسٹرکچر 5 سالہ پروگرام ہوگا جس میں پانچواں سال کلرک شپ کے طور پر شامل ہوگا، جس کے بعد ایک سال کی اسٹرکچرڈ ہاؤس جاب/فاؤنڈیشن ایئر/انٹرن شپ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی بی ڈی ایس گریجویٹس کے بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق اسناد کو ہم آہنگ کرنے اور نئے 5 سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے ساتھ تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان ڈینٹل سرجنز کو 5 سالہ ٹرانسکرپٹ جاری کریں جنہوں نے 4 سالہ بی ڈی ایس پروگرام مکمل کیا ہے اور جو اس مقصد کے لیے یونیورسٹی سے رابطہ کریں گے۔