ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جو بھی امن خراب کرے گا اس کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جائے گا، صوبائی حکومت کی درخواست پر علاقے میں قیام امن کے لئے فوج تعینات ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے کوہاٹ کا دورہ کیا،کرم کے معاملے پر قائم گرینڈ جرگے میں شرکت اور خطاب بھی کیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردوں کا انجام جہنم ہے، جو بھی ہتھیار اٹھائے گا وہ دہشت گرد کہلائے گا،فوج، پولیس اور انتظامیہ علاقے میں پائیدار امن کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیر اعلی کے پی نے حکام کو ہدایت کی کہ علاقے میں قائم تمام کے تمام مورچے بلا تفریق ختم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی علاقے میں امن خراب کر رہے ہیں، مقامی کمیونٹی انکی نشاندہی کرے، گرینڈ جرگہ مکمل امن تک علاقے میں رہے گا، صوبائی حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ، علاقے میں قیام امن کے لئے وفاقی حکومت ہمیں ایف سی کی پلاٹونز فراہم کرے۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ فوری جمع کیا جائے، فریقین کے درمیان نفرت کی فضا ختم کرنے کے لئے عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔
وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ علاقے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں، صوبائی حکومت بے گھر افراد کی باعزت واپسی یقینی بنائے گی۔