پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بیان کو مسترد کر دیا

پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بیان کو مسترد کر دیا
کیپشن: پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بیان کو مسترد کر دیا

ویب ڈیسک: پاکستان نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بے بنیاد بیان کو مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کی منظور کردہ 27 ویں آئینی ترمیم پر اقوام متحدہ کی بے جا تشویش ناقابل فہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریتوں کی طرح پاکستان میں بھی قانون سازی اور آئین میں کسی بھی ترمیم کا اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کا خصوصی دائرہ کار ہے۔ جمہوریت اور جمہوری طریقہ کار ہی شہری و سیاسی حقوق کی بنیاد ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ آئینی ترامیم، آئینِ تمام طے شدہ تقاضوں اور طریقۂ کار کے مطابق ہیں۔ پاکستان انسانی حقوق، انسانی وقار، بنیادی آزادیوں اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ، فروغ اور پاسداری کے لیے پُر عزم ہے۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں انسانی حقوق و وقار اور بنیادی آزادیاں واضح ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے کام کو اہمیت دیتا ہے۔ افسوسناک ہے کہ جاری کردہ بیان میں نہ تو پاکستان کا مؤقف شامل کیا گیا اور نہ ہی زمینی حقائق کو مدنظر رکھا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق پارلیمنٹ کے خود مختار فیصلوں کا احترام کریں۔ یو این ہائی کمشنر ایسے بیانات سے گریز کریں جو سیاسی جانبداری یا غلط معلومات کی عکاسی کرتے ہوں۔

Watch Live Public News