ویب ڈیسک: پاکستان اور مصر کے درمیان سیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان مصر کو 500 بزنس ہاؤسز کی فہرست فراہم کرے گا، جنہیں دوطرفہ تجارت کے لیے سہولت فراہم کی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔ مصر کے وزیر خارجہ کا دورہ مشترکہ اہداف کے حصول میں اہم ثابت ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری اور بھائی چارہ موجود ہے، اور تجارت، سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا دونوں ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد نے کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدے میں پاکستان کا کردار اہم رہا ہے اور مصر غزہ کی تعمیر نو میں پاکستان کے تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مل کر کھڑا ہے اور حالیہ دہشت گردانہ حملوں میں جانی نقصان پر پاکستانی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔