دونوجوانوں کا بے گھر افراد کی فوج بنا کر جزیرہ  پر قبضہ کرنے کا منصوبہ 

دونوجوانوں کا بے گھر افراد کی فوج بنا کر جزیرہ  پر قبضہ کرنے کا منصوبہ 

(ویب ڈیسک )ٹیکساس کے دو مردوں پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر بے گھر افراد کی ایک فوج تیار کرکے ہیتی کے ساحل کے قریب واقع ایک جزیرے پر حملہ کرنے اور وہاں کی خواتین و بچوں کو غلام بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

ٹیکساس کی ایک وفاقی عدالت میں دائر کی گئی فردِ جرم کے مطابق 21 سالہ گاوِن ریورز وائزنبرگ اور 20 سالہ ٹینر کرسٹوفر تھامس پر الزام ہے کہ انہوں نے بے گھر افراد کی بھرتی، ایک سیل بوٹ(Sail Boat) خریدنے اور تقریباً 87 ہزار آبادی والے گوناوے جزیرے پر قبضہ کرنے کی منصوبہ بندی کی۔ دونوں نوجوانوں نے مبینہ طور پر واشنگٹن ڈی سی کے بے گھر افراد کو اپنی “کرائے کی فوج” بنانے کا ارادہ کیا تھا تاکہ اپنے اس بڑے تختہ الٹ منصوبے کو عملی جامہ پہنا سکیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق وائزنبرگ اور تھامس نے گوناوے جزیرے کے بارے میں تحقیق کی اور نتیجہ اخذ کیا کہ وہاں کی حکومت انتہائی کمزور، بنیادی ڈھانچہ تقریباً نہ ہونے کے برابر اور علاقہ شدید غربت کا شکار ہے۔ ان کے خیال میں ایک خونریز حملے کے ذریعے جزیرے پر قبضہ ممکن تھا جس میں مقامی مردوں کو ختم کرکے خواتین اور بچوں کو غلام بنایا جاسکتا تھا۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ دونوں مرد 24 اگست سے اس منصوبے پر کام کر رہے تھے اور مسلسل اس پر پیش رفت کر رہے تھے۔ وائزنبرگ نے مبینہ طور پر ڈلاس کے قریب فائر اکیڈمی میں داخلہ بھی لیا تاکہ ایسے ہنر سیکھ سکے جو جزیرے پر قبضے کے دوران کام آئیں۔ 

دوسری جانب تھامس نے جنوری میں امریکی فضائیہ میں شمولیت اختیار کی اور اپنا تقرر تبدیل کرکے اینڈریوز ایئر فورس بیس، میری لینڈ منتقل کروایا تاکہ واشنگٹن ڈی سی میں بے گھر افراد کی بھرتی میں آسانی ہو۔

دونوں نوجوانوں نے ہیتی کی کریول زبان سیکھنے کی کوشش کی، فوجی طرز کی رائفلیں خریدنے کا منصوبہ بنایا اور آپریشنل و لاجسٹک منصوبہ بندی پر کام کیا۔

یہ واضح نہیں کہ ایف بی آئی نے وائزنبرگ اور تھامس کے مبینہ منصوبے کا سراغ کیسے لگایا، لیکن اگر وہ غیر ملکی سرزمین پر قتل کی سازش کے وفاقی الزام میں قصوروار ٹھہرائے گئے تو اپنی بقیہ زندگی جیل میں گزار سکتے ہیں۔

ٹینر کرسٹوفر تھامس کے وکیل جان ہیلمز نے کہا کہ  انہوں نے کبھی اس منصوبے پر عمل کرنے کی کوشش ہی نہیں کی، استغاثہ کے لیے یہ ثابت کرنا "بہت مشکل ہو گا" کہ دونوں نوجوان واقعی اتنے پاگل منصوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتے تھے۔

Watch Live Public News