(ویب ڈیسک ) بھارت میں گاڑی چوری ہونے کے خوف میں مبتلا ایک شہری نے اپنی نئی نویلی کار کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسا انوکھا اور عجیب و غریب طریقہ اختیار کیا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے؛ شہری نے گاڑی کو زمین پر کھڑا کرنے کے بجائے کرین منگوا کر سیدھا گھر کی چھت پر پارک کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دلچسپ و عجیب واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا، جہاں منوج یادو نامی شہری نے چوروں کی نظروں سے اپنی نئی گاڑی کو بچانے کے لیے اسے زمینی گیراج کے بجائے مکان کی دوسری منزل پر منتقل کر دیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک وزنی کرین کی مدد سے گاڑی کو مضبوط رسیوں اور بیلٹس سے باندھ کر فضا میں بلند کیا جا رہا ہے اور بحفاظت مکان کی چھت پر اتارا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گاڑی کا مالک منوج یادو روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہے۔ بیرونِ ملک روانگی کے دوران اس نے گاڑی چلانے اور سنبھالنے کے لیے ایک ڈرائیور رکھا ہوا تھا۔
ڈرائیور کے اچانک نوکری چھوڑ کر چلے جانے کے بعد مالک کو شدید دھڑکا لگ گیا کہ ویران گھر کے باہر کھڑی گاڑی کہیں چور نہ اڑا لے جائیں۔ چوروں کے خوف اور عدم تحفظ کے احساس نے اسے گاڑی کو مکان کی دوسری منزل پر کھڑا کرنے کے اس انوکھے فیصلے پر مجبور کر دیا۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو دیکھ کر خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں اور گاڑی کی اس 'فضائی پارکنگ' کو چوری سے بچاؤ کا مہنگا لیکن سب سے محفوظ دیسی جگاڑ قرار دے رہے ہیں۔