پیرجماعت علی شاہؒ کاسالانہ عرس،یکم نومبر کو نارووال میں عام تعطیل کا اعلان

پیرجماعت علی شاہؒ کاسالانہ عرس،یکم نومبر کو نارووال میں عام تعطیل کا اعلان
کیپشن: پیرجماعت علی شاہؒ کاسالانہ عرس،یکم نومبر کو نارووال میں عام تعطیل کا اعلان

ویب ڈیسک: ضلعی انتظامیہ نارووال نے اعلان کیا ہے کہ حضرت پیر سید جماعت علی شاہ آف علی پور سیداں شریفؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر یکم نومبر (بروز ہفتہ) کو ضلع بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کے مطابق اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

عرس کے موقع پر ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد کے علی پور سیداں شریف پہنچنے کی توقع ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے زائرین کے لیے قیام و طعام، وضو خانے، کھانے پینے اور طبی سہولیات کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

عرس کے دوران قرآن خوانی، نعت خوانی اور روحانی محافل کا انعقاد کیا جائے گا جن میں علمائے کرام اور مشائخ حضرت پیر سید جماعت علی شاہ لاثانیؒ کی دینی و روحانی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔

سیکیورٹی اور لازمی خدمات کے انتظامات

عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کے عملے کو خصوصی ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں تاکہ زائرین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، عام تعطیل کے باوجود اسپتال، ایمرجنسی سروسز، پولیس اور میونسپل ادارے اپنی معمول کی خدمات جاری رکھیں گے۔

عوام سے تعاون کی اپیل

ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں اور امن و نظم برقرار رکھنے میں مدد دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حضرت پیر سید جماعت علی شاہ لاثانیؒ کا پیغام محبت، اتحاد اور بھائی چارے کا ہے، جسے آج کے دور میں اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Watch Live Public News