ویب ڈیسک: معروف اسلامی اسکالر مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے، ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت کی خصوصی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے سربراہ رانا مشہود نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ ڈاکٹر ذاکر کا استقبال کرنے والوں میں وزارت مذہبی امور کے حکام بھی شامل تھے، ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد روانہ کیا گیا۔
ڈاکٹر ذاکر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے، اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیرمقدم کیا۔
جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں لوگوں سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے عالمی شہریت یافتہ مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک نے یوٹیوبر کے حالیہ پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ وہ اگر چاہتے تو بھارت سے نکل کر ملائیشیا جانے کے بجائے پاکستان میں بھی مستقل رہائش اختیار کرسکتے تھے مگر انہوں نے بعض وجوہات کی بنیاد پر ایسا نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 2019 میں جب اس بات کا یقین ہوگیا کہ اب بھارت جانے کا کوئی امکان نہیں تو انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا تاہم کورونا کی وبا کے باعث ایسا نہ کرسکے۔