ویب ڈیسک: وائس آف بلوچ مسنگ پرسن کی جنرل سیکرٹری سمی دین بلوچ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پرسرکاری وکیل کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مزید مہلت دے دی۔
تفصیلا ت کے مطابق وائس آف بلوچ مسنگ پرسن کی جنرل سیکرٹری سمی دین بلوچ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔وکیل درخواست گزار عدالت میں پیش ہوگئے۔وفاقی حکومت کے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کر لی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ 8 ستمبر کو درخواست گزار اپنے اہلخانہ سے ملنے عمان جارہی تھی،ایف آئی اے حکام نے درخواست گزار کو ائیر پورٹ پر روک لیا اور باہر نہیں جانے دیا گیا،ایف آئی اے حکام نے درخواست گزار کا پاسپورٹ اپنی تحویل میں لے لیا ہے،ایف آئی اے میرے نام ای سی ایل میں شامل سے متعلق تحریری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا ہے ،عدالت سے استدعا کہ درخواست گزار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔
جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کہا کہ پچھلی بار بھی سرکاری وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی تھی۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ اسلام آباد سے جواب آنا ہے کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا،جواب جمع کروانے کے لئے ایک ہفتے کی مزید مہلت دی جائے۔
عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا پر ایک ہفتے کی مزید مہلت دے دی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر آئندہ سماعت پر جواب جمع نہیں کرایا جائے گا تو ڈی جی ایف آئی اے خود پیش ہوں۔