ویب ڈیسک: لاہور میں سیلاب کا خطرہ کم ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں یکم ستمبر سے تعلیمی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اسکولز بند رہیں گے اور والدین اور طلباء کو اسکولز انتظامیہ سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام سکولز محکمہ تعلیم کی ہدایات پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔
واضح رہے کہ لاہور اور گردونواح میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا امکان ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے، آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی ہے، قصور اور اوکاڑہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب ، ننکانہ کے نواحی گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور دو بچے جاں بحق ہوگئے۔ ملکوال میں تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی جبکہ 9 ماہ کا بچہ جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔