ویب ڈیسک: تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ناشتہ نہ کرنے سے ہڈیوں کی صحت متاثر ہوتی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کے کمزور ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق زیادہ تر لوگ ناشتہ دودھ، دہی، انڈے یا فورٹیفائیڈ سیریلز کے ساتھ کرتے ہیں جو کیلشیم اور وٹامن ڈی کے اہم ذرائع ہیں، اگر ناشتہ چھوڑ دیا جائے تو جسم کو یہ ضروری غذائی اجزاء نہیں مل پاتے۔
ہمارے جسم میں ہڈیاں مسلسل ٹوٹتی اور دوبارہ بنتی رہتی ہیں۔ اسے ہڈیوں کی دوبارہ تشکیل کہا جاتا ہے۔ اگر دن کے شروع میں غذائیت نہ ہو تو یہ عمل متاثر ہوتا ہے جس سے ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ ناشتہ چھوڑنے سے اسٹریس ہارمون کی سطح بڑھ جاتی ہے جو ہڈیوں کی کثافت میں کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ ناشتہ چھوڑ دیتے ہیں وہ اکثر دن بھر کیلشیم اور پروٹین کی کمی کو پورا نہیں کر پاتے۔ یہ کمی طویل مدت میں ہڈیوں کو کمزور کر دیتی ہے۔