ویب ڈیسک: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد محمد رضوان اور امام الحق کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث انہیں پہلی دستیاب پرواز سے وطن واپس بھیجا جائے گا، جبکہ امام الحق کی انجری سے متعلق تحقیقات بھی جاری ہیں اور انہیں بھی وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے برمنگھم ٹیسٹ کے لیے صائم ایوب، عرفات منہاس اور عبداللہ فضل سمیت 6 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق برمنگھم ٹیسٹ میں ٹیم کے تمام معاملات کی نگرانی اور فیصلوں کی ذمہ داری مائیک ہیسن کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لارڈز ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی۔ میچ کے چوتھے روز انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور پاکستان کو فتح کے لیے 389 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے ایک رن بنایا، جبکہ کپتان بابر اعظم اور اذان اویس 6، 6 رنز بنا سکے۔ شان مسعود نے 26 رنز اسکور کیے، تاہم مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 97 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس شکست کے ساتھ انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ نے 16 سال بعد لارڈز کے میدان میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔