راولپنڈی : سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع آواران کے علاقے مشکئی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آواران میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ ہوئی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے، دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن کے لیے کوشاں ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ بلوچستان میں استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔