ویب ڈیسک: یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق نے دورہ پاکستان کے دوران چیف جسٹس یحیی آفریدی سے ملاقات کی ہے۔ دوران ملاقات جوڈیشل بیک لاگ کے ساتھ ساتھ عدلیہ کی سالمیت اور آزادی پر بات چیت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق نے پاکستان کا دورہ کیا۔ جس کا اعلامیہ یورپی یونین نے جاری کردیاہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق اولوف سکوگ نے پاکستان کا ایک ہفتہ طویل دورہ کیا۔نمائندہ خصوصی نے وفاقی، صوبائی وزراء، عسکری قیادت، ، اقوام متحدہ کے اداروں، انسانی حقوق کے محافظوں، وکلاء، سول سوسائٹی کی تنظیموں، میڈیا کے نمائندوں اور کاروباری شعبے سے ملاقاتیں کیں۔
نمائندہ خصوصی نے یورپی یونین کے انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں یورپی یونین کا کلیدی شراکت دار ہے۔ہمارا رشتہ جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کی مشترکہ اقدار پر استوار ہے۔یہ تعلق اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے۔ یورپی یونین اس حقیقت کا خیرمقدم کرتی ہے کہ پاکستان GSP+ کا سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک بن گیا ہے۔
پاکستانی کاروباروں نے 2014 میں تجارتی اسکیم کے آغاز کے بعد سے یورپی یونین کی مارکیٹ میں اپنی برآمدات میں 108 فیصد اضافہ کیا ہے۔ہم جی ایس پی پلس کے موجودہ مانیٹرنگ سائیکل کے وسط مدت کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ہم پاکستان کو اپنے اصلاحاتی راستے پر جاری رکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ پاکستان آنے والے نئے GSP+ ضابطے کے تحت دوبارہ درخواست کی تیاری کر رہا ہے۔
جی ایس پی پلس کے تحت تجارتی فوائد کا انحصار مسائل کی فہرست کو حل کرنے پر ہونے والی پیش رفت پر ہے۔ انسانی حقوق ، اور ٹھوس اصلاحات ضروری ہیں۔
یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی کی چیف جسٹس سے ملاقات ہوئی۔ چیف جسٹس سے ملاقات میں جوڈیشل بیک لاگ کے ساتھ ساتھ عدلیہ کی سالمیت اور آزادی پر بات چیت کی۔ دورے کے دوران، نمائندہ خصوصی نے انسانی حقوق کے قومی کمیشن کے اہم کردار کو تسلیم کیا ۔نمائندہ خصوصی کا انسانی حقوق کمیشن کی آزادی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن کے تناظر میں، نمائندہ خصوصی کی تمام متعلقہ بین الاقوامی کنونشنز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر بات چیت کی۔
یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور پنجاب میں اقلیتی امور کے وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات کی۔نمائندہ خصوصی نے مسیحی برادری کے نمائندوں سمیت اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے لیے لاہور کا بھی دورہ کیا۔