ویب ڈیسک: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کمر کی انجری کے باعث ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ ان کی جگہ بین ڈوارشوئس کو حتمی 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز کو مکمل فٹ ہونے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
پیٹ کمنز کو ابتدا میں عارضی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاکہ وہ ابتدائی میچز کے دوران اپنی فٹنس بحال کر سکیں، تاہم تازہ میڈیکل رپورٹس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے تیار نہیں ہیں۔ کمنز نے آخری بار دسمبر میں ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف میدان میں قدم رکھا تھا، جو گزشتہ جولائی کے بعد ان کا واحد میچ تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ امکان ہے وہ آئی پی ایل تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔
کمنز کی عدم دستیابی کے بعد بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر بین ڈوارشوئس کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو مؤثر بولنگ کے ساتھ ساتھ اچھی فیلڈنگ اور نچلے نمبروں پر بیٹنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
ادھر میتھیو شارٹ کو خراب فارم کے باعث اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ میٹ رینشا کو شامل کیا گیا ہے۔ میٹ رینشا کو حالیہ وائٹ بال کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں پاکستان کے خلاف ٹی20 ڈیبیو کیا، جبکہ اس سے قبل بھارت کے خلاف ون ڈے ڈیبیو میں بھی اسپن بولنگ کے خلاف متاثر کن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔
آسٹریلوی سلیکٹر ٹونی ڈوڈی مائیڈ کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز کو مزید وقت درکار ہے اور اس صورتحال میں بین ڈوارشوئس ایک موزوں متبادل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا میں متوقع اسپن کنڈیشنز کے پیش نظر میٹ رینشا مڈل آرڈر میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسٹین اسمتھ کو بھی حتمی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کا ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اسکواڈ:
مچل مارش (کپتان)، زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی، ٹِم ڈیوڈ، بین ڈوارشوئس، کیمرون گرین، نیتھن ایلس، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، میٹ کوہنیمن، گلین میکسویل، میٹ رینشا، مارکس اسٹوئنس، ایڈم زیمپا