ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی منسوخ کر دی گئی ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت یا ممکنہ بائیکاٹ سے متعلق قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کٹ کی رونمائی کی منسوخی کی ممکنہ وجہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق فیصلہ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ کٹ کی رونمائی کی تقریب آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونا تھی، تاہم بعد ازاں اسے منسوخ کر دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے بھارت میں ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز کھیلنے سے بنگلہ دیش کے انکار کی حمایت کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کو باضابطہ خط ارسال کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق یہ خط آئی سی سی کے تمام رکن بورڈز کو بھی بھجوایا گیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے متبادل تجویز کے طور پر بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز بھی پیش کی تھی، تاہم اس حوالے سے تاحال آئی سی سی کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔